Time 09 نومبر ، 2024
پاکستان

عمران خان اسی ماہ کال دیں گے، جب تک انہیں رہا نہیں کرائیں گے واپس نہیں آئیں گے: علی امین

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان اسی ماہ کال دیں گے، اس کال پر جب گھروں سے نکلیں گے تو اس وقت تک واپس نہیں آئيں گے جب تک بانی کو رہا نہیں کروالیں گے۔

خیبرپختونخوا کے شہر صوابی میں تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسے سے خطاب میں  علی امین گنڈا پور کا کہنا تھاکہ قربانی کے بغیر آزادی نہیں ملتی اور حقیقی آزادی کےلیے ہمیں قربانی دینی پڑے گی، بغیر قربانی کے حق، آزادی اور عزت نہیں ملےگی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں فیصلے کا اختیار صرف بانی پی ٹی آئی کو ہے، حکومت کو بتانا چاہتا ہوں ہمارے لوگوں کے ساتھ ظلم کیا، ہم ایک ہیں اور ایک ہوکر آگے نکلنا ہے، چاہے جان بھی چلی جائے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کراکر دم لیں گے اور جب تک بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کریں گے واپس نہیں آئیں گے۔

علی امین کا کہنا تھاکہ ہم مقابلہ کریں گے،گھر واپس نہیں آئیں گے، عہدکرتےہیں حقیقی آزادی لینےتک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ بظاہر لگتا ہے کہ لوگ مجھے دیکھتے ہیں مگر میں آپ لوگوں کی طرف دیکھتا ہوں، آج علامہ اقبال کا یوم پیدائش ہے ان کا خواب حقیقی آزادی کا تھا، پنجاب میں ہمارے لوگوں کے گھروں میں گھس کر جو کیا اس کا حساب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی کا پیغام ہے کہ نومبر کے مہینے میں کال دیں گے، پیغام یہ ہوگا کہ بانی کی رہائی تک واپس نہیں آئیں گے۔

تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر نے کہاکہ آج کا جلسہ 26 ویں ترمیم کے خلاف ریفرنڈم ہے، آئندہ ہفتے ان ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے جارہے ہيں اور امید ہے کہ عدالت ان ترامیم کو ختم کردے گی۔

مزید خبریں :