Time 10 نومبر ، 2024
کھیل

بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں نہ آنے پر پاکستان کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت جاسکتا ہے

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارت کے پاکستان جانے سے انکار  پر  پاکستان بھارت کو کھیلوں کی عالمی ثالثی  عدالت لے جاسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیاسی تناؤ کی وجہ سے دونوں ٹیموں نےایک دہائی سے زیادہ عرصے میں ایک بھی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی تاہم پاکستان 2023 کے ون ڈے  ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا سفر کرچکا ہے۔

بھارتی میڈیا  نے دعویٰ کیا ہےکہ بی سی سی آئی نے پی سی بی کو  ایک ہائبرڈ سیریز کی تجویز دی ہے جس میں بھارت اپنے میچ دبئی میں کھیل سکتا ہے  تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایسی کسی بھی تجویز کی تردید کرتےہوئے کہا ہےکہ مقابلےکےکوئی میچ پاکستان سے باہر نہیں ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کے انکار  پرپاکستان کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے دعوے  سے متعلق  پاکستانی حکام  نے تردید یا تصدیق  سےگریز کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی ذرائع نے بتایا ہےکہ حکومت پاکستان کی جانب سے بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار  پر سخت فیصلے لینے کا امکان ہے اور  حکومت غور کر رہی ہے کہ اگربھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے نہیں آئےگا توپاکستان آئندہ کبھی بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت غور کر رہی ہے کہ جب تک بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہوتے تب تک بھارت کے ساتھ کسی بھی ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلیں گے، پاکستان کی ٹیم ہمیشہ بھارت بھیجی، اچھا تاثر دیا لیکن بھارت ہمیشہ سیاست کو شامل کرتا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر پیچھے نہیں ہٹےگا، بھارت نہیں آئے گا تو کسی بھی حد تک جائیں گے، اسٹیڈیم بن رہے ہیں، سکیورٹی اچھی ہے، بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئے۔

 حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگربھارت نہیں آئےگا تو ریونیو نقصان ہمیں ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تب نقصان ان کا بھی ہوگا، پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرےگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھاکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کردیا گیا ہےکہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائےگی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو بتایا ہےکہ انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان ٹیم نہ بھیجنے کو کہا گیا ہے۔

واضح رہےکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے جس میں 8 ٹیموں نے شرکت کرنا ہے۔

مزید خبریں :