12 نومبر ، 2024
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے پاکستان سے ون ڈے سیریز میں شکست پر مایوس ہوگئے۔
پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی، پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے 141 رنز کا ہدف 27ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور میچ میں 8 وکٹوں سے فتح کے ساتھ سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کیخلاف شکست پر ردعمل دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز کا نتیجہ بہت مایوس کن ہے، ٹیلنٹ کو انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ دینے کا یہ ایک بہت اچھا موقع ہے۔
نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ ماضی میں نئے کھلاڑیوں کو موقع نہ دینے کی وجہ سے تنقید کی جاتی رہی ہے، پلان یہی بنایا گیا تھا کہ تمام فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑی بورڈر گواسکر ٹرافی میں اچھی کنڈیشن میں ہوں۔
یاد رہے کہ پاکستان سے شکست پر سابق کپتان مائیکل کلارک سمیت کئی آسٹریلوی کرکٹرز نے کرکٹ آسٹریلیا کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ، سابق کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف فیصلہ کن میچ میں 5 سینئرکرکٹرز کو آرام دینے پر کڑی تنقید کی تھی۔