Time 13 نومبر ، 2024
پاکستان

اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ عمران خان کو زچ کرنے کیلئے لایا گیا ہے: شیر افضل مروت

اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ عمران خان کو زچ کرنے کیلئے لایا گیا ہے: شیر افضل مروت
ہمیں ان سے نرمی کی توقع نہیں ہے، ہم کسی غلط فہمی میں نہیں ہیں کہ کوئی انسانی رمق ہمیں دیکھنے کو ملے گی: رہنما پی ٹی آئی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ  پی ٹی آئی اور عمران خان  کو زچ کرنے کیلئے لایا گیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’ آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے عمران خان سے ملاقات میں ناکامی کے سوال پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے دینا عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے ،دفعہ 144 کا نفاذ جیل کے اندر ہو ہی نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ پی ٹی آئی اور عمران خان کو زچ کرنے کیلئے لایا گیا ہے، ہمیں ان سے نرمی کی توقع نہیں ہے، ہم کسی غلط فہمی میں نہیں ہیں کہ کوئی انسانی رمق ہمیں دیکھنے کو ملے گی،  ہمیں ظلم، جبر اور فسطائیت دیکھنے کو ملے گی۔

 عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کو حراست میں لینے سے متعلق شیر افضل مروت کا کہنا تھا  کہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کو حبس بے جا میں رکھا گیا، آج آئینی عہدے رکھنے والے ہمارے رہنماؤں کو اغوا کرکے حکومت نے دنیا کے سامنے اپنا چہرہ بدنما کرکے پیش کیا، پہلے لوگوں کو تھانے کچہری  ایف آئی آر سے ڈر لگتا تھا  لیکن اب خوف دور ہوگیا ہے۔

پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق  انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ بنگلادیشی نکلے اور وہاں کی پوری حکومت کو تہس نہس کردیا، 2، 3 لاکھ پاکستانی کسی بھی علاقے سے نکل آئیں تو کافی ہیں، دوسرے علاقوں کی دیکھا دیکھی پنجاب سے بھی لوگ نکلیں گے، اگر حتمی احتجاج میں ہم ناکام ہوئے تو 6 ماہ تک دوبارہ مومنٹم نہیں بن سکے گا،لوگ احتجاج کیلئے تیار ہیں صرف انہیں ہمت دلانے کی کمی ہے، لوگوں کے ذہن میں ہونا چاہیے کہ اگر نکلنا ہے تو پھر گرفتاری بھی ہے آنسو گیس کی شیلنگ بھی ہوگی۔


مزید خبریں :