سوشل میڈیا پر شیئر کیا جانے والا ویڈیو کلپ 28 اکتوبر کوہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس سے لیا گیا ہے۔
13 نومبر ، 2024
آن لائن پوسٹس میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر نے پارلیمنٹ میں تقریر کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان سامان کی اسمگلنگ کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
30 اکتوبر کو X (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے رہنما اسد قیصر کی قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے ایک منٹ کی ویڈیو اس کیپشن کے ساتھ شیئر کی: ”جناب اسپیکر، ہمارے قبائلی علاقوں میں افغانستان کے ساتھ اسمگلنگ بند کر دی گئی ہے، اسے کھولا جائے۔“
صارف نے الزام لگایا کہ اسد قیصر نے اسمگلنگ پر پابندی کو حالیہ فسادات کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اسے فوج کی مداخلت کی وجہ قرار دیا۔
ویڈیو اور اس کے کیپشن کو 22 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا، بہت سے صارفین کو اس دعویٰ پر یقین کرتے دکھائی دیئے۔
اسی طرح کی پوسٹس کو فیس بک اور لنکڈان پر شیئر کیا گیا۔
اسد قیصر نے پاکستان سے اسمگلنگ کی اجازت دینے کا مطالبہ نہیں کیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیا جانے والا ویڈیو کلپ 28 اکتوبر کوہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس سے لیا گیا ہے۔جیو فیکٹ چیک نےاسد قیصر کی تقریر سمیت اس دن اجلاس کی مکمل ایک گھنٹےکی کارروائی کا جائزہ لیا۔
اسد قیصر کے افغانستان کے حوالے سے درست الفاظ یہ تھے:
”جناب اسپیکر یہ جو ہمارا علاقہ خیبر پختونخوا کا فاٹا بیلٹ ہے، یہاں اس وقت کاروبار بند ہے، افغانستان کے ساتھ ہمار دار و مدار ہماری معیشت کا، ہمارے روزگار کا، ہماری دو وقت کی روٹی کا، سارا دار و مدار افغانستان کے ساتھ کاروبار پر ہے، آپ [حکومت] نے افغانستان کے ساتھ کاروبار بند کیا، یہاں اس وقت irregular economy ہے اور یہ جو irregular economy ہے یا یہاں جو war economy ہے، اس کو convert کرنے کےلئے جب آپ اس کو regular economy میں convert کریں گے تو اس کےلئے بڑی پلاننگ چاہیے، آپ وہاں انڈسٹریل زون بنائیں، کاروبار کے ذرائع بنائیں اور آپ ایک ڈرامہ کرتے ہیں کہ اسمگلنگ ہو رہی ہے، ہم اسمگلنگ کی حمایت نہیں کرتے لیکن جو جائز کاروبار کو بند کیا گیا ہے، وہ فوری طور پر [کھولا جائے]۔“
اسدقیصر نے اپنی تقریر میں کہیں بھی حکام سے اسمگلنگ کی اجازت دینے کا مطالبہ نہیں کیا۔ یہاں تک کہ آن لائن گردش کرنے والے کلپس میں بھی اسے ایسی کسی بات کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔
15:30ٹائم اسٹیمپ پر مکمل تقریر دیکھی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ، اسد قیصر آن لائن شیئر کیے جانے والے کلپس میں بھی اسمگلنگ کی بحالی کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck @پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔