13 نومبر ، 2024
بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کا اداکارہ نمرت کور کے نام لکھا گیا پرانا خط سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے اداکار ابھیشیک بچن اور اداکارہ ایشوریا رائے کی طلاق کی خبریں زیرِ گردش ہیں اور ابھیشیک کا نام اداکارہ نمرت کور کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔
اس موقع پر اداکارہ نمرت کور کی تعریفوں سے بھرا ان کے نام لکھا گیا امیتابھ بچن کا پرانا خط منظرِ عام پر آگیا ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی نمرت کور کی پوسٹ میں خط کے ساتھ ایک گلدستہ بھی موجود ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر نمرت کور نے 2022 میں ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔
مذکورہ پوسٹ میں انہوں نے امیتابھ کی جانب سے انہیں لکھے گئے خط اور گلدستے کی تصویر شیئر کی تھی، اس خط میں امیتابھ نے نمرت کور کو فلم ’دسویں‘ میں ان کی اداکاری کے لیے سراہا تھا۔
اداکارہ نے انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ 18 سال پہلے جب میں نے ممبئی شہر میں قدم رکھا اس وقت یہ صرف ایک تصور تھا کہ مسٹر امیتابھ بچن مجھے میرے نام سے جانتے ہوں گے، ہماری ملاقات یاد کریں گے اور وہ ٹیلی ویژن کے ایک اشتہار پر میری تعریف کریں گے۔
انہوں نے لکھا کہ امیتابھ بچن برسوں بعد ایک نوٹ اور پھول بھیجیں گے جس میں مجھے میری فلم پر سراہیں گے، یہ سب ایک خواب تھا، وہ خواب جو شاید میں نے خود بھی اپنے لیے کبھی نہیں دیکھا۔
واضح رہے کہ فلم دسویں 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں ابھیشیک بچن، نمرت کور اور یامی گوتم اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بچن خاندان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے میڈیا ہاؤسز سے درخواست کی ہے کہ ہر افواہ کو سنسنی خیز نہ بنائیں، اس خط میں کوئی پوشیدہ معنی نہیں چھپے تھے، امیتابھ انڈسٹری میں جس کا کام پسند کرتے ہیں اسے ایسے ہی داد دیتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ابھیشیک بچن اس وقت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں لہٰذا ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔