13 نومبر ، 2024
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اسموگ کے معاملے پر بھارت کو خط لکھنے کا عندیہ دیے جانے پر بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے ردعمل دے دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ کہتی ہیں کہ میں خط لکھوں گی کہ آپ کا دھواں لاہور آتا ہے۔
بھگونت مان نے کہا کہ دوسری جانب دہلی والے کہتے ہیں کہ تمہارا دھواں دہلی آتا ہے، تو کیا ہمارا دھواں چکر لگاتا رہتا ہے؟
خیال رہے کہ بھارتی پنجاب اور ہریانہ میں چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد کسانوں کی جانب سے فصلوں کی باقیات کو آگ لگا دی جاتی ہے جس سے اٹھنے والا دھواں اطراف کے علاقوں میں آلودگی کا سبب بنتا ہے۔
گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسموگ کے معاملے پر بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھنے کا عندیہ دیا تھا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا تھا کہ اسموگ کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ انسانی ہے اور اسموگ کے معاملے پر پاک بھارت ڈپلومیسی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سوچ رہی ہوں اسموگ کے معاملے پر بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھوں۔