Time 14 نومبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کے احتجاج دباؤ کے بجائے خود ان کےاندر ٹوٹ پھوٹ کا باعث بنے: طلال چوہدری

پی ٹی آئی کے احتجاج  دباؤ کے بجائے خود ان کےاندر ٹوٹ پھوٹ کا باعث بنے: طلال چوہدری
فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دوسال میں پی ٹی آئی نے جتنے بھی احتجاج کیے وہ سارے حکومت اور ریاست پر دباؤ کے بجائے خود ان کے اندر ٹوٹ پھوٹ کا باعث بنے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہربار کوئی ایسا کارنامہ ہی کر کے گئی جو بعد میں ان کے خلاف ہی چارج شیٹ بن گیا۔ 24 نومبر کی احتجاجی کال کا حال بھی یہی ہوگا۔

طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے 70 فیصد ارکان اسمبلی اپنی پارٹی سے متنفر یا مجبور ہیں، وہ ارکان بھی سمجھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی ہمیشہ ناکام رہی ہے۔

خیال رہے کہ بانی تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف نکلنا ہے، پی ٹی آئی کی قیادت کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ کیا اور کس طرح کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ احتجاج کی تیاریاں مکمل ہیں، اِس بار مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں آئیں گے۔

مزید خبریں :