Time 14 نومبر ، 2024
پاکستان

اسموگ کے تدارک کیلئےلاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نئی پابندیاں عائد

لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کے تدارک کے لیے نئی پابندیاں عائد کردی گئیں۔

انوائرمینٹل پروٹیکشنل ایجنسی پنجاب کے ہدایت نامے کے مطابق لاہور ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں 17 نومبرتک تمام تجارتی مارکیٹس، دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجےبندہوں گے۔

فارمیسی، میڈیکل اسٹور، میڈیکل لیبارٹریز، ویکسی نیشن سینٹرز، تندور، بیکریاں اور کریانہ اسٹورز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

پٹرول پمپس، آئل ڈپو،دودھ کی دکانیں، سبزی و فروٹ کی دکانیں، چکن اورگوشت کی دکانیں بھی پابندی سے مستثنیٰ قرار۔

ہدایت نامے کے مطابق بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز صرف گروسری اور فارمیسی سیکشنز کو کھلا رکھ سکتےہیں۔

شادی ہالز میں ان ڈور تقریبات پرانے اوقات رات 10 بجےتک ایس اوپیز کےساتھ جاری رہیں گی، آؤٹ ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ ان ڈور ڈائننگ کے اوقات محدود رہیں گے، جمعرات تا اتوار رات 11 بجے تک ان ڈور ڈائیننگ اور ٹیک اوے یا پارسل کی اجازت رات ایک بجے تک ہوگی۔

ہدایت نامے کے مطابق بیرونی کھیلوں کے پروگرامز، نمائشوں اور تہواروں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی اور پابندیوں کی خلاف ورزی پر 188 پی پی سی کے تحت کارروائی ہوگی۔

خیال رہےکہ پنجاب میں اسموگ کا زور کم نہیں ہوا اور  کچھ دیر پہلے تک لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست تھا جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 1406 ریکارڈ  کیا گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں سید مراتب علی روڈ کی فضا سب سے زیادہ آلودہ رہی جہاں ائیر کوالٹی انڈیکس 2236 ریکارڈ ہوا جبکہ گلبر گ میں 2208 اور  پاکستان انجئیرنگ سروس میں ائیر کوالٹی انڈیکس 1724 پر دیکھا گیا۔

فیصل آباد میں ائیر کوالٹی انڈیکس 405 اور ملتان میں  338 نوٹ کیا گیا۔


مزید خبریں :