15 نومبر ، 2024
سوال گندم، جواب چنا ، پاکستان اسپورٹس بورڈ( پی ایس بی) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا جواب مسترد کر دیا۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے اقدامات پر سوال اٹھائے تھے۔
پی ایس بی نے کانگریس اجلاس سے قبل صوبائی الیکشن کے نتائج کے اجرا، آئین میں ترمیم کے لیے فیفا کا ہدایت نامہ اور ہارون ملک کا خود کو صدر پی ایف ایف لکھنے پر سوال کیا تھا۔
پی ایس بی کے خط میں کہا گیا تھا کہ 11 نومبر کو بھیجے گئے پی ایس بی خط پر پی ایف ایف نے 13 نومبر کو جواب بھیجا، جواب میں متعلقہ نکات پر جواب دینے کے بجائے سطحی باتیں تحریر کردی گئیں، پی ایف ایف نے 5 نومبر کو کانگریس طلبی کا نوٹیفیکشن جاری کیا، 13 نومبر کو صوبائی الیکشن کے نتائج جاری کیے۔
پی ایس بی کے خط میں کہا گیا کہ ہارون ملک کا خود کو چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی کے بجائے صدر پی ایف ایف کہنا فیفا میننڈٹ سے تجاوز کرنا ہے۔
اسپورٹس بورڈ کے مطابق پی ایس بی فیڈریشنز کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے لیکن خود مختاری کے ساتھ شفافیت بھی ضروری ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے پی ایف ایف کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ 11 نومبر کو بھیجے گئے خط کا تفصیلی جواب دیا جائے، 19 نومبر کو بین الصوبائی رابطہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں شریک ہوکر ممبران کو الیکشن پر بریفنگ دیں۔