16 نومبر ، 2024
بالی وڈ اسٹار کپل ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کا ازدواجی تعلق ان دنوں مشکلات کا شکار ہے لیکن اسی دوران سلمان خان کی ابھیشیک اور ایشوریا کی شادی پر ماضی میں کی گئی گفتگو ایک بار پھر وائرل ہو رہی ہے۔
ابھیشیک ایشوریا کی عوامی مقامات پر علیحدہ علیحدہ اینٹری دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبروں کو طول دے رہی ہے، سوشل میڈیا صارفین اس علیحدگی کی وجہ ابھیشیک کے اداکارہ نمرت کور سے غیر ازدواجی تعلق کو قرار دے رہے ہیں تو وہیں ایشوریا کے ان کے دوست ڈاکٹر سے دوستی کو بھی مورد الزام ٹھہرایا جا رہا ہے تاہم دونوں خاندانوں کی جانب سے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی تصدیق سامنے نہیں آسکی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشوریا رائے جو فی الحال ابھیشیک بچن سے شادی کے تعلق میں ہیں، مبینہ طو ر پر اپنی شادی سے قبل سلمان خان کے ساتھ رومانوی تعلقات میں رہ چکی ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ ایشوریا اور سلمان خان کی دوستی شادی تک بھی جاپہنچی تھی لیکن 2001 میں اس جوڑی کے درمیان دراڑ آگئی اور 2002 میں ایشوریا نے سلمان پر متعدد الزامات عائد کرتے ہوئے ان سے اپنی راہیں جدا کرنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
تاہم اب بھارتی میڈیا پر دبنگ اسٹار سلمان خان کا ایشوریارائے اور ابھیشیک بچن کی شادی پر دیا گیا بیان بھی تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
ماضی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران جب سلمان خان سے ان پر ایشوریا کیساتھ بدسلوکی کے لگائے گئے الزامات سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’اس بارے میں کیا کہوں، میں ایک چیز پر یقین رکھتا ہوں وہ یہ کہ انسان کی ذاتی زندگی اس کی ذاتی ہے، اگر میں اس کا دفاع کرنے لگوں تو کہیں کوئی آپ کی زندگی کا بھی حصہ تھا اور آپ اس سے انکار کر رہے ہوں گے‘۔
سلمان خان نے ایشوریا کی ابھیشیک کے ساتھ شادی پر دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ ’بہترین کام خاموش رہنا ہے، اتنے سال گزر گئے ہیں، آپ جانتے ہیں، وہ ( ایشوریا ) کسی کی بیوی ہے، ایک بڑے خاندان میں اس کی شادی ہوئی ہے اور میں بہت خوش ہوں کہ اس کی شادی ابھیشیک سے ہوئی، میرے خیال میں ابھیشیک بہت اچھا انسان ہےاور یہی سب سے اچھی چیز ہے جو کوئی بھی سابق بوائے فرینڈ پسند کرے گا‘۔
سلمان خان نے مزید کہا تھا کیوں کہ آپ نہیں چاہتے، ایک بار جب آپ کی کسی سے دوستی ختم ہو جائے تو وہ شخص آپ کے بغیر دکھی ہو، آپ خواہش کرتے ہیں کہ وہ شخص آپ کے بغیر خوش رہے، اگرچہ یہ ایک خود غرضی بھی ہے لیکن آپ اس طرح قصور وار نہیں ہوتے‘۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سوشل میڈیا پر دوبارہ منظر عام پر آئی ہے، جب ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کا2007 میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والا تعلق علیحدگی کی افواہوں کے سبب سرخیوں کی زینت بنا ہوا ہے۔