17 نومبر ، 2024
بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر اور ان کے شوہر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما فہد احمد نے معروف عالم دین و آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان مولانا سجاد نعمانی سے ملاقات کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی کی ریاست مہاراشٹرا میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کیلئے مہم جاری ہے اور فہد احمد بھی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
سوارا بھاسکر بھی شوہر کے ہمراہ ان کی انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔
سوارا بھاسکر اور ان کے شوہر فہد احمد نے ممبئی میں معروف عالم دین مولانا سجاد نعمانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کی تصویر فہد احمد نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھاکہ مولانا سجاد نعمانی کی خدمت میں حاضر ہوئے، انہوں نے ہمیں دعاؤں سے نوازا۔
اس تصویر میں فہد کے ساتھ ان کی اہلیہ سوارا بھاسکر بھی موجود ہیں اور یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے سوارا بھاسکر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان مولانا سجاد نعمانی نے مہاراشٹرا اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والے چند امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا جس میں فہد احمد بھی شامل ہیں۔
مہاراشٹرا کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات 20 نومبر کو ہوں گے۔