18 نومبر ، 2024
بالی وڈ اداکار اور شیو سینا کے رہنما گووندا کی انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں ائیر لفٹ سے اسپتال منتقل کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گووندا کو ہفتے کے روز جَلگاؤں میں ایک ریلی کے دوران طبیعت بگڑنے پر ممبئی کے ایک اسپتال لے جایا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر گووندا نے ہلکی جسمانی تکلیف کی شکایت کی، لیکن جلد ہی انہیں سینے میں شدید درد اور ٹانگوں میں تکلیف ہوئی۔
تاہم ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں فوری طور پر ائیر لفٹ کے ذریعے ممبئی کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک گووندا یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے اداکار کی صحت کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ان کے مداح اور حامی تشویش میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ گووندا اپنی رہائش گاہ پر اپنے ہی ریوالور سے گولی لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔
اداکار کے مینیجر نے بتایا تھا کہ لائسنس یافتہ ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گرگیا تھا اور غلطی سے فائر ہوگیا، شکر گووندا جی کو صرف ایک ٹانگ پر چوٹ آئی اور ان کا زخم خطرناک نہیں۔
بعد ازاں گووندا کو اسپتال میں علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔