18 نومبر ، 2024
آن لائن وائرل ہونے والی پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے مذہبی وجوہات کی بنا پر سعودی عرب میں پرفارم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس قسم کے بیان کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے اور گلوکار کے بھائی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ من گھڑت ہے۔
12 نومبر کو ایک فیس بک صارف نے گرافک شیئر کیا جس پر لکھا تھا کہ ”میرا دل مقدس مقامات کے قریب پرفارم کرنے کو قبول نہیں کرتا: عاطف اسلم نے مبینہ طور پر سعودی عرب میں پرفارم کرنے سے انکار کر دیا۔“
فیس بک صارف نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ”عاطف اسلم نے مبینہ طور پر مقدس مقامات کے قریب پرفارم کرنے سے متعلق اپنے ذاتی عقائد کی وجہ سے سعودی عرب میں پرفارم کرنے سے انکار کیا، انہوں نے ان مقامات کے تقدس کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا دل ایسی پرفارمنس کو قبول نہیں کرتا۔“
اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 3 ہزار 200 دفعہ لائک اور 832 مرتبہ شیئر کیا گیا۔
اس قسم کے دعوے یہاں اور یہاں بھی شیئر کئے گئے۔
عاطف اسلم کا سعودی عرب میں پرفارم کرنے سے انکار کا وائرل ہونے والا دعویٰ غلط ہے۔
عاطف اسلم کے بھائی شہزاد اسلم نے جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تردید کی کہ گلوکار نے اس قسم کا کوئی بیان دیا ہے۔
شہزاد اسلم نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ فضول چیز ہے، ایسی کوئی بات ہم نے نہیں کی، ہم نے اس طرح کا کوئی اسٹیٹمنٹ (بیان) نہیں دیا ‘۔
اس کے علاوہ جیو فیکٹ چیک کو گلوکار عاطف اسلم کے حالیہ انٹرویوز میں سے بھی اس قسم کا کوئی بیان نہیں ملا۔
ہمیں X (ٹوئٹر) @GeoFactCheck اور انسٹا گرام @geo_factcheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔