18 نومبر ، 2024
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بعض حلقوں کی جانب سے ان سے منسوب کردہ 700 ملین ڈالر اسکینڈل کو فیک نیوز کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔
اس نمائندے سے بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ بدنیتی پر مبنی من گھڑت کہانی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
بعض حلقوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پنجاب حکومت نے متحدہ عرب امارات میں قائم ایک ایسے فنڈ میں 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جس کا تعلق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ہے۔ یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سرمایہ کاری کا آئی ایم ایف نے کھوج لگایا تھا اور اسٹیک ہولڈرز سے اس پر شدید تحفظات ظاہر کیے تھے۔
اسی کہانی کو بڑھاتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی ایم ایف افسروں نے اسی وجہ سے پاکستان کا غیر شیڈول دورہ کیا اور معاملے کی سنگینی سے حکام کو آگاہ کیا۔
پنجاب کے چیف سیکرٹری نے واضح کیا ہےکہ متحدہ عرب امارات میں قائم کسی فنڈ میں سرمایہ کاری نہیں کی گئی اور ایسے الفاظ کا عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ذکر ہی نہیں ہوا۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے بھی وضاحت کی ہےکہ حکومت پنجاب کی یواے ای کے فنڈ میں سرمایہ کاری کا ذکر سراسر غلط ہے۔پنجاب حکومت نے یواے ای کے کسی بھی فنڈ میں سرمایہ کاری کی ہی نہیں۔ اس لیے اس موضوع پر آئی ایم ایف کے اجلاس میں بات کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔