فیکٹ چیک: خادم حسین رضوی کی برسی پر پنجاب حکومت کی طرف سے عام تعطیل کا اعلان ؟

پنجاب حکومت نے تعطیل کا ایسا کوئی اعلان کیا اور نہ ہی جیو ٹیلی ویژن نے ایسی کوئی خبرنشر کی ہے۔

پاکستان میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک گرافک میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایک سیاسی جماعت، تحریک لبیک پاکستان کے بانی خادم حسین رضوی کی برسی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

یہ دعویٰ بے بنیاد ہے۔

دعویٰ

19 نومبر کو سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس میں ایک گرافک گردش کرنے لگا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پنجاب حکومت نے 21 نومبر کو خادم حسین رضوی کی برسی کے موقع پر چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔

جیو ٹیلی ویژن کے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک مبینہ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ”عرس مولاناخادم حسین رضوی، لاہور میں 21 نومبر کو عام تعطیل کا اعلان۔“

اسکرین شاٹ میں مبینہ نیوز رپورٹ کا لنک بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس مبینہ گرافک نے سوشل میڈیا کے بہت سے صارفین کو اس دعویٰ کو سچ ماننے پر مجبور کر دیا۔

حقیقت

پنجاب حکومت نے تعطیل کا ایسا کوئی اعلان کیا اور نہ ہی جیو ٹیلی ویژن نے ایسی کوئی خبرنشر کی ہے۔

اس خبر کا گردش کرنے والا اسکرین شاٹ بھی من گھڑت ہے۔

جیو فیکٹ چیک کو جیو ٹیلی ویژن کے فیس بک اکاؤنٹ پر 18 یا 19 نومبر کو ایسی کوئی پوسٹ نہیں ملی۔

اس کے علاوہ وائرل اسکرین شاٹ میں شامل کیا جانے والا لنک 18 نومبر کی ایک غیر متعلقہ رپورٹ کی طرف اشارہ کرتا ہے، جس کا عنوان تھا: ”افغانستان میں چینی تاجر نےکلمہ پڑھ کر اسلام قبول کرلیا۔“

اس مکمل رپورٹ کو یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ جیو ٹیلی ویژن کے ترجمان نے جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ادارے کی طرف سے ایسی کوئی رپورٹ شائع یا نشر نہیں کی گئی، ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ سوشل میڈیا کی یہ پوسٹ من گھڑت ہے۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات نے بھی جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

ہمیں X (ٹوئٹر) @GeoFactCheck اور انسٹا گرام @geo_factcheck پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔