20 نومبر ، 2024
اگر یہ کہا جائے کہ بھارت کی ساؤتھ کی فلم انڈسٹری نے مقبولیت میں بالی وڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے تو یہ کہنا غلط نہ ہوگا، فلم کا بجٹ ہویا پھر فلم کا باکس آفس بزنس، ساؤتھ کی فلموں نے بالی وڈ کی حکمرانی ختم کی ہے۔
مانا جاتا ہے کہ بالی وڈ میں اکشے کمار، سلمان خان اور شاہ رخ خان سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں۔
اس دوڑ میں بھی ساؤتھ فلم انڈسٹری کے اداکاروں نے بالی وڈ کے بڑے ناموں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
باہو بلی اور پھر پشپا جیسی بلاک بسٹر فلموں نے باکس آفس پر بزنس کے سارے ریکارڈز توڑے ہی تھے اور ساتھ ہی ان میں کام کرنے والے اداکاروں نے بھی بھاری معاوضے لیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے معروف سپر اسٹار الو ارجن بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن گئے ہیں۔
ٹریک ٹالی وڈ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ الو ارجن نے 'پشپا 2' کے لیے حیران کن طور پر 300 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیا ہے۔
یہ معاوضہ بالی وڈ کے بڑے اداکاروں کی فلم کے بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل رجنی کانتھ نے فلم جیلر کے لیے 250 کروڑ روپے معاوضہ لیا تھا۔
دوسری جانب بالی وڈ کی بات کریں تو بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان فلموں کے منافع میں سےحصے سمیت150 سے 200 کروڑ روپے ایک فلم کا معاوضہ لیتے ہیں۔
واضح رہے کہ 17 نومبر کو الو ارجن کی فلم پشپا 2 کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا، یوٹیوب پر 'پشپا 2- دی رول' کے تیلگو، ہندی اور تامل زبان میں جاری کیےگئے ٹریلرکو چندگھنٹوں میں ہی کروڑوں ویوز ملے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پشپا2 اگلے ماہ 5 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنےگی۔