Time 21 نومبر ، 2024
پاکستان

بانی پی ٹی آئی کا 28 ستمبر کے مقدمے میں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

بانی پی ٹی آئی کا 28 ستمبر کے مقدمے میں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان سے جیل کے اندر ہی تفتیش کرنے اور انہیں 26 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا/ فائل فوٹو

راولپنڈی: انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا 28 ستمبر کے مقدمے میں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ 

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی جس دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور حکومتی پراسیکیوٹر نے دلائل دیے۔ 

سماعت کے دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بانی پی ٹی آئی کے 15دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی کال پر دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود مظاہرین نے سرکاری املاک پر حملے کیے، انہوں نے 28 ستمبر کے احتجاج کی منصوبہ بندی اڈیالہ جیل میں کی اور وہیں سے کال دی تھی۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ڈیڑھ سال سے اڈیالہ جیل میں قید تنہائی میں ہیں، وہ جیل میں رہ کر کیسے اتنی بڑی منصوبہ بندی کرسکتے ہیں؟ یہ مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی ہے اور  درج متن مفروضوں پر مبنی ہے۔ 

بعد ازاں عدالت نے پراسیکیوٹر کی جانب سے 15 دن کے ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عمران خان کا  5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ 

انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 26 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ عمران خان سےجیل کے اندر ہی تفتیش کی جائے۔ 

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی پر 28ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج پر اکسانے کا کیس ہے جس میں توشہ خانہ ٹو سے ضمانت ملنے کے بعد گزشتہ روز ان کی گرفتاری ڈالی گئی تھی۔

مزید خبریں :