Time 21 نومبر ، 2024
پاکستان

سیاسی قیادت کے صرف وہ احکامات مانیں جو آئینی دائرے میں ہوں: چیف سیکرٹری کے پی کا افسران کو حکم

پشاور: چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا (کے پی)  ندیم اسلم چوہدری نے صوبائی انتظامیہ اور پولیس کو انتباہی خط لکھ دیا ہے۔

چیف سیکرٹری  خیبر پختونخوا نے آئی جی خیبرپختونخوا، صوبائی سیکرٹریز ، کمشنرز اور پولیس افسران کو خط لکھا ہے۔

 خط میں کہا گیا ہےکہ  پولیس اور  انتظامی افسران سیاسی قیادت کے صرف وہ احکامات مانیں، جو آئینی دائرے میں ہوں۔کسی سیاسی جماعت کے غیر قانونی احکامات پرتعاون کرنے کے نتائج ہوں گے۔ افسران کسی دباؤ  یا لالچ میں سرکاری وسائل، اثاثوں، یا اختیارات کا غلط استعمال نہ کریں۔

خط میں کہا گیا ہےکہ تمام افسران  پیشہ وارانہ ضابطہ اخلاق کی پاپندی کریں۔ قانون کو بغیرکسی خوف، حمایت یا تعصب کے برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان کے لیے وژن ہماری رہنمائی کی روشنی ہے۔ قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ غیر سیاسی، غیر جانبدار رہنا، ثابت قدمی سے قانون کی حکمرانی کے لیے پرعزم رہنا۔ عوامی اعتماد کے رکھوالوں کے طور  پر ہم اس کے پابند ہیں۔

چیف سیکرٹری نے انتباہ کیا ہےکہ سیاسی منظر نامے سے قطع نظر غیر جانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ ہمارا حلف آئین اور  ریاست کے لیے ہے ،کسی سیاسی جماعت یا لیڈر کے لیے نہیں۔ آپ کو کسی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے، کسی بھی سیاسی جماعت یا فرد کے دباؤ میں نہیں آناچاہیے۔

چیف سیکرٹری  نے افسران کے نام خط میں کہا ہےکہ  آپ نے بے خوف ہوکر  اپنی ساکھ، اپنے وقار کو برقرار  رکھنا ہے۔ سرکاری وسائل، اثاثوں، یا اختیار کا غلط استعمال کسی دباؤ یا لالچ میں نہ کریں ۔ سرکاری حکام غیر سیاسی رہ کرآئین کی حکمرانی کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ کوئی بھی سرکاری املاک، سامان اور اتھارٹی کے استعمال پر دباؤ قبول نہ کرے۔

 خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹ سپورٹ نہ کی جائے۔ ایسے اقدامات سے بحیثیت پبلک سرونٹ ہمارا احترام بڑھےگا۔ احکامات نہ ماننے پر کار روائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :