21 نومبر ، 2024
پشاور: بانی پی ٹی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں کہ یہ آپ کس شخص کو لے آئے۔
بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے توباجوہ (سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ) کو کالز آنا شروع ہوگئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔
بشریٰ بی بی کے مطابق باجوہ کو کہا گیا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لےکر آئے،کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا ، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔
24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ سب 24 نومبر کے احتجاج کا حصہ بنیں، 24 نومبر کی تاریخ کسی صورت تبدیل نہیں ہوگی، جب تک بانی پی ٹی آئی خود تاریخ بدلنےکا اعلان نہیں کرتے احتجاج کی تاریخ تبدیل نہیں ہوگی۔
بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، قانون کے مطابق کسی کو پرامن احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا۔