22 نومبر ، 2024
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 44 ہوگئی۔
گزشتہ روز ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر اوچت کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔
اسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ 42 افراد کانوائے میں شامل گاڑیوں میں جاں بحق ہوئے جب کہ مزید 2 افراد مختلف علاقوں میں مارے گئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والے افراد سے متعلق قبائلی رہنما جلال بنگش کا کہنا ہے کہ کل کے واقعات کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا ہے جب کہ جاں بحق افراد کی تدفین کا عمل مختلف علاقوں میں جاری ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود نے بتایا کہ واقعے سےمتعلق تحقیقات کی جارہی ہیں عوام کے جان و مال سے کھیلنے والے عناصر سزا سے نہیں بچ سکتے۔