22 نومبر ، 2024
پاکستانی نژاد ملائیشین رائل ائیر فورس کے سربراہ جنرل محمد اصغر خان نے اپنے آبائی علاقے ہری پور کا دورہ کیا۔
پاکستانی نژاد ملائیشین رائل ائیر فورس کے سربراہ جنرل محمد اصغر خان نے جمعے کو اپنے آبائی علاقے بیڑ، ہری پور کا مختصر دورہ کیا جس کے دوران اُنہوں نے اپنے دادا مرحوم ملک قلندر خان، چچا ملک یعقوب، کزن حافظ رمیز اور دادی کی قبروں پر حاضری دی اور مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اے پی پی سے گفتگو کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور فرحان خان نے بتایا کہ اُن کا دورہ دو گھنٹے پر محیط تھا جس دوران اُنہوں نے اپنے رشتہ داروں سے ملاقات بھی کی۔
ملائیشیا کی رائل ائیر فورس کے چیف محمد اصغر خان کے چچا زاد بھائی اور لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مختار احمد نے اے پی پی کو بتایا کہ محمد اصغر خان کے داد ملک قلندر خان قیام پاکستان سے قبل ملائیشیا گئے تھے جہاں محمد اصغر خان کے والد گوہر امان اور چچا ملک محمد یعقوب کی پیدائش ہوئی، محمد اصغر خان کے والد گوہر امان ملائیشیا پولیس میں آفیسر رینک سے ریٹائر ہوئے۔
مختصر دورے کے دوران اُنکی اہلیہ بھی ہمراہ تھیں جن کی والدہ کا آبائی علاقہ بھی ہری پور کی وی سی گندف اور گاؤں گھیری ہے۔
مختار احمد نے مزید بتایا کہ دورے کے دوران محمد اصغر خان نے اپنے دادا، دادی، چچا اور کزن کی قبروں پر حاضری دی اور اپنے آبائی گھر کا مختصر دورہ کیا، بعدازاں اُنہوں نے گزلز ہائیر سیکنڈری سکول بیڑ میں اپنے رشتہ داروں اور عزیز و اقارب سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے بتایا کہ محمد اصغر خان کا تعلق اعوان قبیلے سے ہے اور اس سے قبل وہ 2008 میں ایک ٹریننگ کے لیے کراچی آئے تھے۔
مختار احمد کا کہنا تھا کہ نہ صرف ہماری برادری بلکہ پورے علاقے کے لوگ محمد اصغر خان کی آمد پر انتہائی برجوش دکھائی دیے اور وہ اسے ہری پور کے لیے ایک اعزاز تصور کرتے ہیں کہ کسی دوسرے ملک کی رائل ائیر فورس کا سربراہ ہری پور اور علاقہ تناول کا سپوت ہے۔