Time 23 نومبر ، 2024
پاکستان

عمران خان کی رہائی تک اسلام آباد میں رہیں گے: علی امین گنڈاپور

عمران خان کی رہائی تک اسلام آباد میں رہیں گے: علی امین گنڈاپور
 بانی پی ٹی آئی کا جو حکم ملا ہے اس پر ہر صورت میں عمل کروں گا، میرا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے جو وہ کہیں گے کروں گا: وزیر اعلیٰ کے پی۔ فوٹو فائل

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا جو حکم ملا ہے اس پر ہر صورت عمل کروں گا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا آغاز بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بعد ہو گا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کا جو حکم ملا ہے اس پر ہر صورت میں عمل کروں گا، میرا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے جو وہ کہیں گے کروں گا، میں اور پی ٹی آئی کارکن ہر صورت میں ڈی چوک پر پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی اور دیگر قیدیوں کی رہائی اور مطالبات کی منظوری تک اسلام آباد میں رہیں گے، گزشتہ احتجاج میں بھی راستے بند ہونے کے باوجود اسلام آباد پہنچے تھے، وفاق اور پنجاب حکومت نے بوکھلاہٹ میں موٹر وے اور شاہراہیں بند کر دیں۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا ہمارا احتجاج پُر امن ہے حکومت ملک کو بلاک کرکے عوام کو تکلیف پہنچا رہی ہے۔


مزید خبریں :