24 نومبر ، 2024
راولپنڈی میں چکری کے قریب کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کی جس دوران دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پرفائرنگ کردی۔
ترجمان کے مطابق تینوں دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈٰی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر، رائفلیں، آئی ای ڈی بم، گولیاں، بارودی مواد برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے چکری کے قریب ناکہ بندی کرلی ہے، فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، دہشتگرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔
خیال رہے کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج میں فتنہ الخوارج کی ممکنہ دہشتگردانہ کارروائیوں کا تھریٹ الرٹ جاری کیا تھا۔
نیکٹا کا کہنا تھاکہ فتنہ الخوارج پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج میں دہشتگردی کر سکتی ہے۔ نیکٹا کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگرد بڑے شہروں میں دہشتگردی کر سکتے ہیں۔