24 نومبر ، 2024
ملکہ کوہسار مری کا خیبرپختونخوا اور کشمیر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج کے احتجاج کے پیش نظر مری کے مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے کشمیر اور کے پی کی رابطہ سڑکوں پر خندقیں کھود دیں جبکہ گھوڑا گلی کے مقام پر بھی مٹی ڈال کر سڑک بند کر دی گئی ہے۔
ادھر چمن میں بھی نیشنل ہائی وے این 50 اور این 70 کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
لیویز کے مطابق امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث ٹرانسپورٹ کو روکا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کو 33 مقامات جبکہ لاہور اور فیصل آباد سے وفاقی دارالحکومت کو آنے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں داخل ہونے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیےگئے ہیں۔
فیض آباد سمیت 6 مقامات کو کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد، آئی جے پی روڈ، روات ٹی چوک، کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا روڈ کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ کچہری چوک کو یکطرفہ ٹریفک کے طور پر چلایا جائے گا، اسلام آباد اور راولپنڈی کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل سیل کیا جائے گا۔