Time 24 نومبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

سائرہ بانو نے اے آر رحمان سے علیحدگی پر خاموشی توڑ دی

سائرہ بانو  نے اے آر رحمان سے علیحدگی پر خاموشی توڑ دی
 سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ اے آر رحمان کے بارے میں کچھ بھی غلط بات نہ کہیں، وہ ایک انمول شخص اور دنیا کے سب سے بہترین انسان ہیں، فوٹو: فائل 

آسکر  ایوارڈ  یافتہ بھارتی موسیقار  اے آر  رحمان کی سابقہ اہلیہ سائرہ بانو  نے شوہر سے علیحدگی کے حوالے سے خاموشی توڑ دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سائرہ بانو نے ایک آڈیو میں بیان میں اپنا تعارف سائرہ رحمان کے نام سے کراتے ہوئےکہا کہ میں اس وقت ممبئی میں ہوں۔ میں گزشتہ چند ماہ سے جسمانی طور پر ٹھیک نہیں، اس لیے میں نے اے آر سے 'تھوڑا وقفہ لینے کا فیصلہ کیا'۔

سائرہ بانو نے یوٹیوبرز  اور تامل میڈیا سے درخواست کی کہ اے آر رحمان کے بارے میں کچھ بھی غلط بات نہ کہیں، وہ ایک انمول شخص اور دنیا کے سب سے بہترین انسان ہیں۔

سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ مجھے صحت کے مسائل کی وجہ سے چنئی چھوڑنا پڑا، میں ممبئی میں اپنا علاج کرانے آئی ہوں اور یہ اے آر کے مصروف شیڈول کے ساتھ چنئی میں ممکن نہیں تھا، میں کسی کو پریشان نہیں کرنا چاہتی تھی، نہ اپنے بچوں کو اور نہ ہی انہیں۔

سائرہ بانو نے اے آر رحمان کی مزید تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار انسان ہیں۔ اور میں صرف یہی درخواست کرتی ہوں کہ انہیں ویسے ہی رہنے دیں جیسے وہ ہیں، میں ان پر اپنی جان سے زیادہ بھروسہ اور پیار کرتی ہوں اور وہ بھی مجھ سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں۔ اس لیے آپ سب سے گزارش ہے کہ ان کے خلاف تمام جھوٹے الزامات بند کریں، ہمیں اکیلا چھوڑ دیں اور سکون میں رہنے دیں۔ ابھی 'ہم نے کچھ بھی باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا'۔

سائرہ بانو کا مزید کہنا تھا کہ میں جلد ہی چنئی واپس آؤں گی، لیکن پہلے مجھے اپنا علاج مکمل کرنا ہے، آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ ان کا نام خراب کرنا بند کریں، وہ ایک انمول شخصیت ہیں۔

اپنے بیان میں سائرہ بانو نے اپنی بیماری سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے اے آر رحمان اور سائرہ کی علیحدگی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک دوسرے کے لیے گہری محبت کے باوجودجوڑے نے محسوس کیا کہ تلخی اور مشکلات کے باعث ان کے درمیان ایک ایسا فاصلہ پیدا ہو گیا ہے جسے اس وقت دونوں فریق ختم کرنے سے قاصر ہیں۔

سائرہ نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی اور جذبات کا احترام کریں۔

بعد ازاں اے آر رحمان نے بھی ایکس اکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا جس میں لکھا تھا ہم نے شادی کے 30 برس تک پہنچنے کی امید کی تھی لیکن دنیا میں ہر چیز کا اختتام ہے جو کسی نے نہیں دیکھا، ٹوٹے ہوئے دلوں کے بوجھ سے خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی، جوڑے کے تین بچے ہیں۔

اے آر رحمان اور سائرہ کی ارینج میرج ہوئی تھی، موسیقار نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی والدہ نے سائرہ سے شادی کرائی تھی۔

مزید خبریں :