25 نومبر ، 2024
یواے ای میں لاپتہ اسرائیلی ربی (مذہبی رہنما) کے قتل کے شبے میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ زوی کوگن کے قتل کے شبے میں 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اماراتی وزارت داخلہ نے گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔
اماراتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سوسائٹی کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف تمام قانونی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ آرتھوڈوکس یہودی تنظیم کے لیےکام کرنے والا ربی زوی کوگن جمعرات کو دبئی میں لاپتہ ہوا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق زوی کوگن کے پاس یورپی ملک مالدووا کی شہریت بھی تھی، زوی کوگن نے مالدووا کے پاسپورٹ پر دبئی کا سفر کیا تھا، زوی کوگن کے قتل کی تحقیقات متحدہ عرب امارات، اسرائیل اور مالدووا حکام کر رہےہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر اور اسرائیلی وزارت خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ کوگن کا قتل ایک مجرمانہ اور یہود مخالف دہشت گردی کا واقعہ ہے، اسرائیلی ریاست مجرموں کو انجام تک پہنچانےکے لیے ہر اقدام کرےگی۔