25 نومبر ، 2024
پھیپھڑوں کے ایک دائمی مرض کی شکار خاتون دنیا کی پہلی مریضہ بن گئی ہے جس کے دونوں پھیپھڑوں کا روبوٹیک ٹرانسپلانٹ ہوا۔
امریکی شہر نیویارک کے این وائے یو لینگون ہیلتھ میں یہ تاریخ ساز آپریشن ہوا۔
اس 57 سالہ خاتون کو chronic obstructive pulmonary disease (سی او پی ڈی) کا سامنا تھا۔
یہ آپریشن ڈاکٹر اسٹیفنی چینگ نے کیا۔
اس سے قبل وہ ایک پھیپھڑے کا روبوٹیک ٹرانسپلانٹ کرنے والی اولین امریکی ڈاکٹر بنی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ 'یہ جدید تنوع دنیا بھر میں پھیپھڑوں کی ٹرانسپلانٹیشن سرجری کو بدل دینے والا موڑ ہے اور مریضوں کی نگہداشت کے نئے عہد کا آغاز ہوا ہے'۔
روبوٹیک ٹرانسپلانٹ کے لیے پھیپھڑوں کو مکمل کاٹ کر کھولنا نہیں پڑتا، بلکہ سرجری کا عمل چند کٹس کے ذریعے مکمل کرلیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر اسٹیفنی چینگ اور ان کی ٹیم نے دونوں پھیپھڑوں کے روبوٹیک آپریشن کے لیے ڈا ونچی 11 نامی روبوٹ استعمال کیا۔
پسلیوں کے درمیان چھوٹے شکاف ڈالے گئے اور پھر روبوٹ استعمال کرکے خراب پھیپھڑوں کو نکالا گیا۔
اس کے بعد دونوں پھیپھڑوں کا ٹرانسپلانٹ کر دیا گیا۔
مریضہ نے آپریشن کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ' طویل وقت تک مجھے کہا جاتا تھا میں اتنی بیمار نہیں کہ پھیپھڑوں کا ٹرانسپلانٹ کرانا پڑے'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں ڈونر اور اس کے گھر والوں کی بہت شکر گزار ہوں جس کی وجہ سے مجھے زندگی میں ایک اور موقع ملا'۔