26 نومبر ، 2024
آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی گٹارسٹ موہنی ڈے نے شوہر سے طلاق کا تعلق اے آر رحمان سے ہونے کی افواہوں پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ دنوں آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان اور اہلیہ کی طلاق کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی تھی جس کے کچھ گھنٹوں بعد ہی اے آر رحمان کی گروپ میں شامل گٹارسٹ موہنی ڈے نے بھی اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین دونوں کی طلاق کو ایک دوسرے سے جوڑ رہے تھے۔
اس سے قبل اپنے ابتدائی بیان میں موہنی ڈے نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا تھا کہ مجھے انٹرویوز کے لیے بہت زیادہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں اور میں جانتی ہوں کہ یہ کس بارے میں ہیں، اس لیے میں ان سب کو انکار کررہی ہوں کیونکہ میں بے بنیاد افواہوں کو ہوا دینے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ میں افواہوں پر اپنی توانائی ضائع نہیں کرنا چاہتی، براہ کرم میری پرائیویسی کا احترام کریں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب موہنی ڈے نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ 'میرے پاس ایسی بہت سی شخصیات ہیں جو میرے لیے والد کا درجہ رکھتی ہیں جو میری زندگی میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، میں واقعی خوش قسمت اور شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری پرورش میں اہم کردار ادا کیا اور اے آر رحمان ان میں سے ایک ہیں جن کی میں بہت عزت کرتی ہوں'۔
گٹارسٹ نے کہا 'اے آر رحمان بالکل میرے باپ کی طرح ہیں بلکہ وہ میرے والد سے عمر میں تھوڑے ہی چھوٹے ہوں گے، ان کی بیٹی میری عمر کی ہے، ہم لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت اور عزت ہے'۔
موہنی ڈے نے مزید کہا 'میں نے ان کے بینڈ کے ساتھ تقریباً 8 سال کام کیا، 5 سال قبل ہی میں امریکا آئی اور یہاں کام کررہی ہوں، برائے مہربانی پرائیویسی کا خیال رکھیں، یہ ذاتی معاملہ ہے اور اس میں دخل اندازی نہ کریں'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ انتہائی تکلیف دہ مرحلہ ہے، برائے مہربانی دوسروں پر رحم کریں'۔
گٹارسٹ نے سوشل میڈیا پر وائرل افواہوں پر شدید حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ 'میرے اور اے آر رحمان کے خلاف غلط معلومات اور بے بنیاد مفروضوں، دعوؤں کو دیکھنا ناقابل یقین ہے، میڈیا نے میری اور اے آر رحمان کی طلاق کے واقعات کو جوڑ کر مجھے مجرم بنادیا ہے، میں نے 8 سال اے آر رحمان کے ساتھ کام کیا ، میں ان کے بچوں کی طرح ہوں‘۔