27 نومبر ، 2024
بھارت میں ڈاکٹرز کی غفلت کی وجہ سے تولیہ مریض کے پیٹ میں ہی رہ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان میں پیش آیا جہاں ایک حاملہ خاتون ڈیلیوری کی غرض سے ضلع کچمان کے سرکاری اسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ 3 ماہ قبل خاتون کے ہاں آپریشن کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی تھی لیکن دوران آپریشن ڈاکٹرز کی غفلت کی وجہ سے تولیہ خاتون کے پیٹ میں ہی رہ گیا تھا۔
خاتون کے پیٹ پر آنے والے ٹانکے تو وقت کے ساتھ ٹھیک ہوگئے لیکن خاتون مسلسل پیٹ میں درد کی شکایت کرتی رہیں جس کیلئے انہوں نے سرکاری اور نجی اسپتالوں سے علاج کروایا لیکن تکلیف میں آرام نہیں آیا۔
تاہم ڈاکٹر کے مشورے پر انہوں نے سی ٹی اسکین کرایا جس سے پیٹ میں گٹھلی نما چیز کی موجودگی کا انکشاف ہوا جس پر خاتون کے گھر والے انہیں جودھ پور کے اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے ان کے پیٹ میں ایک چھوٹا سرجیکل تولیہ دیکھا جو خاتون کی آنتوں کے درمیان پھنسا ہوا تھا جسے ڈاکٹرز نے آپریشن کرکے نکال دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیاب سرجری کے بعد خاتون کی فیملی نے معاملہ عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا اور راجستھان کی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
بعدازاں انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی بھی قائم کردی۔