Time 28 نومبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

جیا خان کی خودکشی سے متعلق سورج پنچولی کی والدہ کا 11 سال بعد بڑا دعویٰ

جیا خان کی خودکشی سے متعلق سورج پنچولی کی والدہ کا 11 سال بعد بڑا دعویٰ
ممبئی کی عدالت نے جیا خان کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ کے بوائے فرینڈ اداکار سورج پنچولی کو 28 اپریل 2023 جمعہ کی صبح بری کیا تھا_فوٹو: فائل

بھارتی اداکار سورج پنچولی کی والدہ اداکارہ زرینہ وہاب نے 11 سال بعد جیا خان کی خودکشی سے متعلق حیران کن دعویٰ کیا ہے۔

کئی سپر ہٹ فلموں میں معاون اداکارہ کے طور پر کام کرنے والی اداکارہ جیا خان نے 3 جون 2013 کو خودکشی کی تھی اور ان کی لاش جوہو میں ان کی رہائش گاہ میں لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔

 ممبئی کی عدالت نے جیا خان کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ کے بوائے فرینڈ اداکار سورج پنچولی کو 28 اپریل 2023 جمعہ کی صبح بری کیا تھا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے جیا خان کے بوائے فرینڈ سورج پنچولی کے خلاف اداکارہ کو خودکشی پر اکسانے کے معاملے پر اپنا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بری کیا۔

اب ایک انٹرویو میں اداکارہ زرینہ وہاب نے بیٹے کی سابقہ گرل فرینڈ سے متعلق دعویٰ کیا ہے۔

زرینہ وہاب کا بیان

اداکارہ نے کہا 'جیا خان نے میرے بیٹے سے ملنے سے قبل بھی 4 سے 5 بار خودکشی کی کوشش کی تھی لیکن نصیب ایسا تھا کہ جب میرے بیٹے کی باری آئی تو اس نے خودکشی کرلی'۔

بیٹے کی زندگی اس کیس کی وجہ سے خراب ہونے پر زرینہ وہاب نے کہا 'ہم سب ایک بہت برے وقت سے گزرے لیکن میں ایک چیز پر یقین رکھتی ہوں کہ اگر آپ کسی کی زندگی جھوٹ کی بنیاد پر خراب کرتے ہو تو مکافاتِ عمل ہوتا ہے اور یہ آپ پر قرض رہتا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم لوگوں نے انتظار کیا، سورج کی بے گناہی ثابت ہونے کے لیے 10 سال لگ گئے لیکن اس کا کیرئیر برباد ہوگیا، ہم خوش ہیں کہ اب بیٹا جیل سے باہر ہے، وہ (جیا) کیا کرتی تھی سب جانتے ہیں، میں اپنا منہ نہیں کھولنا چاہتی، بول کر میں خود کو چھوٹا نہیں کرنا چاہتی'۔

مزید خبریں :