Time 28 اپریل ، 2023
انٹرٹینمنٹ

اداکارہ جیا خان خودکشی کیس کا فیصلہ 10 سال بعد سنادیا گیا، سورج پنچولی بری

عدم شواہد کی بنا پر سورج پنچولی کو جیا خان کیس میں قصور وار نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے لہذا عدالت انہیں بری کرتی ہے: عدالتی فیصلہ/ فائل فوٹو
عدم شواہد کی بنا پر سورج پنچولی کو جیا خان کیس میں قصور وار نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے لہذا عدالت انہیں بری کرتی ہے: عدالتی فیصلہ/ فائل فوٹو

 ممبئی کی عدالت نے 2013 میں خودکشی کرنے والی بالی وڈ اداکارہ جیا خان کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ  کے بوائے فرینڈ اور  اداکار سورج پنچولی کو بری کردیا۔

ہندوستان  ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے جیا خان کے بوائے فرینڈ اداکار سورج پنچولی کے خلاف اداکارہ کو خودکشی پر اکسانے کے معاملے پر اپنا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بری کردیا۔

بھارت کی خصوصی عدالت میں ایک دہائی پرانے کیس کا فیصلہ آج سنایا گیا تو اس وقت اداکار سورج پنچولی بھی عدالت میں موجود تھے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عدم شواہد کی بنا پر سورج پنچولی کو  جیا خان کیس میں قصور وار نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے لہذا عدالت انہیں بری کرتی ہے۔

  خودکشی کیس کا پس منظر 

خیال رہے کہ اس کیس میں 2018 میں سورج پنچولی پر باقاعدہ فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔

سپر ہٹ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ جیا خان نے 3 جون 2013 کو خودکشی کی تھی، وہ جوہو میں اپنی رہائشگاہ پر لٹکتی ہوئی پائی گئی تھیں۔

اداکارہ کی والدہ رابعہ نے بیٹی کی موت کے فوراً بعد دعویٰ کیا تھا کہ اُن کی بیٹی کو سورج پنچولی نے قتل کیا ہے۔

سورج پنچولی کو جیا خان کی جانب سے لکھے گئے آخری مبینہ خط کے ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

2013 میں سورج کے خلاف دفعہ 306 (خودکشی کے لیے اکسانا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :