29 نومبر ، 2024
کھیل کسی کے آنے یا نہ آنے کا محتاج نہیں ہوتا لہٰذا بھارت کے انکار پر چیمپئنز ٹرافی متاثر کرنا کھیلوں کی روایت کے خلاف ہوگا۔
ماضی میں اولمپکس سے لے کر کرکٹ ورلڈکپ تک اور ٹینس کے بڑے مقابلوں میں کسی ایک ٹیم یا کھلاڑی کی عدم شرکت پر مقابلے رکے نہیں بلکہ جاری رہے۔
ماضی میں بھی ایسی صورتحال میں پوائنٹس دینے یا متبادل ٹیم شامل کرنے کا اصول ہمیشہ برقرار رکھا گیا ہے۔
اس بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر چکا ہے جب کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ کی کسی اور جگہ منتقلی یا ہائبرڈ ماڈل کا فارمولا مسترد کیا ہے۔
بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی اب تک چیمپئنز ٹرافی کے نئے شیڈول کا اعلان نہیں کرسکا جس سے براڈکاسٹرز بھی پریشان ہیں کیونکہ انہیں کروڑوں ڈالر نقصان کا خدشہ ہے، اس حوالے سے آئی سی سی نے آج بورڈ میٹنگ بلائی ہے۔
آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائے گا جب کہ چیمپئنز ٹرافی پر مختلف آپشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔