Time 30 نومبر ، 2024
پاکستان

مشال یوسفزئی جیونیوز کو انٹرویو دینے کے بعد وزیراعلیٰ کے پی کی معاون خصوصی کے عہدے سے برطرف

مشال یوسفزئی جیونیوز کو انٹرویو دینے کے بعد وزیراعلیٰ کے پی کی معاون خصوصی کے عہدے سے برطرف
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی معاون خصوصی مشال اعظم یوسفزئی کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے مشال اعظم کو معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

مشال یوسفزئی نے جیونیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہیں معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جیونیوز کو انٹرویو کی بنیاد پرمجھےڈی نوٹیفائی کردیاگیا۔

واضح رہے کہ مشال اعظم یوسفزئی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان بھی ہیں۔

جمعہ کو جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے مشال یوسفزئی کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہی کہا تھا ڈی چوک جانا ہے، بشریٰ بی بی کو جب بانی پی ٹی آئی نے کہا تو کیسے پیچھے ہٹتیں؟

 مشال یوسفزئی نے دعویٰ کیا  تھا کہ بشریٰ بی بی واپس نہیں جانا چاہتی تھیں، بشریٰ بی بی کی گاڑی پرفائرنگ کی گئی، ان کی گاڑی پر کیمیکل پھینکا گیا جس سے اس کا شیشہ دھندلا ہو گیا، اس لیے انھیں گاڑی تبدیل کرنی پڑی، میں بھی بشریٰ بی بی سے اس دوران الگ ہوگئی۔

مزید خبریں :