30 نومبر ، 2024
سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی جب عمران خان کی زندگی میں آئیں ، اُس کے بعد وہ گھڑی چور، مار دھاڑ پر یقین کرنے والے اور اداروں کے خلاف ہوگئے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ 7 عورتوں کا ایک گینگ ہے جو عمران خان کی لاش پر 50 سال تک سیاست کرنا چاہتاہے۔
انہوں نے کہا کہ جو مرشد ہے وہی بانی پی ٹی آئی کی تباہی کا ذمہ دار اور ضامن ہے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہاکہ جو لوگ ڈیل کے تحت باہر آئے ہیں وہ ڈیل سے باہر جائیں گے تو پھر حراست میں بھی جائیں گے۔دھرنے سے سب سے پہلے بشریٰ بی بی اور گنڈاپور بھاگے۔بشریٰ بی بی جان دینے کو تیار تھیں مگر فوٹیج آگئی کہ وہ ٹہلتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ رہی ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اگر بیگم جاکر بانی پی ٹی آئی کو دم درود والا پانی پلادیں یا دہی کھلادیں تو ریاست ذمہ دار نہیں ہوگی،اور اگر اُنہیں بچانا ہے تو یہی راستہ ہے کہ ان کی ملاقات نہیں کرائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی جب عمران خان کی زندگی میں آئیں ، اُس کے بعد وہ گھڑی چور، مار دھاڑ پر یقین کرنے والے اور اداروں کے خلاف ہوئے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا تھاکہ پی ٹی آئی پر پابندی لگنے والی ہے، جلد ہی پی ٹی آئی سے مخلص لوگوں کی 'پی ٹی آئی پاکستان' بن جائےگی۔