30 نومبر ، 2024
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر یکطرفہ فیصلے نہیں کرنے دے گا۔
دبئی میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہناتھا کہ ایسا فیصلہ ہوگا کہ آئی سی سی کے مستقبل کے ایونٹس بھی اسی فارمولالے کے تحت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کچھ کریں گے جس سے ملک اور کرکٹ کی جیت ہو ، ہم نے کرکٹ کی جیت کرنی ہے، فیصلے برابری کی بنیاد پر ہونے چاہیے، ہم بھارت جائیں اور وہ نہ آئیں، یہ نہیں ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ لانگ ٹرم بات کرنا ہوگی، فیصلے صرف چیمپئنز ٹرافی تک محدود نہیں کیے جاسکتے، طویل مدت پر ٹورنامنٹس کیلئے فارمولا طے کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط طور پر مان گیا ہے، پاکستان کی شرط ہے کہ آئندہ انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کیلئے بھی ہائبرڈ ماڈل ہوگا، اگر انڈیا پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان کیلئے بھی وہی فارمولا ہونا چاہیے۔