01 دسمبر ، 2024
روس اور امریکا کے درمیان جنگ چھڑی اور نوبت نیوکلیئر ہتھیاروں کے استعمال تک آئی تو امریکی ہتھیار کس نوعیت کی تباہی پھیلائیں گے، اس کا جائزہ امریکی جریدے نے لیا ہے۔
امریکی جریدے کے مطابق امریکا کا طاقتور ترین نیوکلیئر ہتھیار بی 83 ہے، اس نیوکلیئر بم سے جو شعلہ بلند ہوگا وہ چار اسکوائر کلومیٹر رقبے پر محیط ہوگا اور تباہی اس قدر ہوگی کہ 175 اسکوائر کلومیٹر رقبے میں عمارتیں تباہ یا جل جائیں گی۔
جریدے کا کہنا ہے کہ اگر امریکا کا طاقتور ترین نیوکلیئر بم روس، چین اور شمالی کوریا کے دارالحکومتوں پر پھینکا گیا تو ہولناک تباہی ہوگی۔
جریدے کے مطابق اگر اسے صرف ماسکو پر پھینکا گیا تو 14 لاکھ افراد ہلاک اور 37 لاکھ زخمی ہوں گے۔
بیجنگ پر پھینکا گیا تو 15 لاکھ افراد ہلاک اور 33 لاکھ زخمی ہوں گے، اسی طرح اگر یہ پیانگ یانگ پر پھینکا گیا تو 13 لاکھ شہری ہلاک اور 11 لاکھ زخمی ہوں گے۔
امریکی جریدے کی رپورٹ پر روس کا ردعمل
دوسری جانب روس نے ردعمل میں امریکا کو نیوکلیئر ہتھیاروں کی جنگ کے خدشے کے تباہ کن اثرات سے خبردار کیا ہے۔
روس نے امریکا پر واضح کیا ہے کہ نیوکلیئر ہتھیاروں کی آزمائش بحال کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔