01 دسمبر ، 2024
سعودی عرب میں غداری اور دہشت گرد تنظیم سے تعاون کے الزام میں 2 سعودی شہریوں کو سزائے موت دیدی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے اپنے 2 شہریوں محمد بن ظافر بن ثمر العامری اور عبداللہ بن خدر بن عبداللہ الغامدی کو سزائے موت دی۔
اس حوالے سے سعودی حکام نے بتایا کہ سعودی شہریوں پر مجرمانہ کارروائیوں کا ارتکاب کرنے کا الزام تھا جس میں اپنے ملک کے ساتھ غداری کرنا اور دہشت گرد تنظیم سے تعاون شامل ہے۔
اس کے علاوہ دونوں ملزمان پر مملکت کے اندر اور باہر دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنا، بدعنوانی، حملہ کرنے، سلامتی اور استحکام میں خلل ڈالنے کے ارادے سے ہتھیار رکھنے کا بھی الزام ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے انکشاف کیا کہ ملزمان میں سے ایک نے اپنے گھر کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ میں تبدیل کر رکھا تھا جہاں وہ میل جول کرنے کے ساتھ ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود چھپانے اور اپنی سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت حاصل کرتے تھے۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ انہوں یہ اعلان مملکت کی سلامتی کو برقرار رکھنے، انصاف کے حصول کیلئے کیا ہے تاکہ قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کی سزا کو یقینی بنایا جاسکے۔