01 دسمبر ، 2024
پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمدعلی سیف کا کہنا ہے کہ ڈی چوک احتجاج کے بعد بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک مزید مضبوط ہوگئی ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ بربریت سے پی ٹی آئی کی تحریک کمزور ہو گئی ہے تو یہ ان کی بھول ہے، علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک مزید زور پکڑے گی۔
مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت پر سب کا پورا اعتماد ہے، بربریت کرکے جعلی حکومت نے اپنے پاؤں پر خودکلہاڑی ماری ہے، حکومت نے بربریت خوف پیدا کرنے کے لیے کی مگر خوفزدہ خود ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا ظلم ہمیشہ خوفزدہ لوگ کرتے ہیں، معصوم کارکنوں کا خون جعلی حکومت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائے گا، ڈی چوک احتجاج کے بعد بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک مزید مضبوط ہو گئی ہے۔