Time 01 دسمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

ماں کا پیچھا نہ چھوڑنے پر لڑکیاں برباد ہوجاتی ہیں: اسما عباس کا شادی شدہ لڑکیوں کو خاص پیغام

ماں کا پیچھا نہ چھوڑنے پر لڑکیاں برباد ہوجاتی ہیں: اسما عباس کا شادی شدہ لڑکیوں کو خاص پیغام
لازمی نہیں ہے کہ ماں کو اپنے سسرال کی ہر بات بتائی جائے، اس سے مسئلے بڑھتے ہیں، شادی کے بعد بیٹی کو یہ کہنا چاہیے کہ وہ اب اپنی شادی چلانے کی کوشش کرے: اداکارہ کی گفتگو__فوٹو: فائل

پاکستان کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے لڑکیوں کو نصیحت کی ہے کہ شادی کے بعد ہر چھوٹی چھوٹی بات اپنی والدہ کو نہ بتائیں، اس سے گھر برباد ہوجاتے ہیں۔

اداکارہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس کا مختصر سا کلپ سوشل میڈیا پیجز کی زینت بنا ہوا ہے، ویڈیو میں اسما عباس نے نئی نویلی دلہنوں اور ان کی ماؤں کے لیے پیغام دیا ہے۔

اسما عباس نے کہا کہ میں خصوصی طور پر ماؤں اور ان کی شادی شدہ بیٹیوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ وہ ایک دوسرے کا پیچھا چھوڑ دیں، شادی کے بعد لڑکیوں کو سمجھنا چاہیے کہ سسرال کی ایک ایک بات فون کرکے اپنی والدہ کو نہیں بتانی ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ شادی کرکے دوسرے گھر آنے والی بیٹیاں ہر وقت اپنی ماں سے فون پر رابطے میں رہتی ہیں، انہیں بتاتی رہتی ہیں کہ ان کے سسرال میں کیا کچھ ہو رہا ہے، کس نے اسے کیا کہا یا کس بات پر ٹوکا، یا گھر میں نند کتنی بار آئی وغیرہ۔

اداکارہ نے کہا کہ لازمی نہیں ہے کہ ماں کو اپنے سسرال کی ہر بات بتائی جائے، اس سے مسئلے بڑھتے ہیں، شادی کے بعد  بیٹی کو یہ کہنا چاہیے کہ وہ اب اپنی شادی چلانے کی کوشش کرے، انہیں واضح پیغام دیں کہ آپ جانیں اور آپ کا گھر جانے، ماؤں کو بیٹیوں کے ازدواجی اور سسرالی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے، ایسے ہی گھر بستے ہیں۔

اسما عباس کے مطابق والدین کو اپنی شادی شدہ بیٹی کو یہ کہنا چاہیے کہ وہ جب بھی ان کے گھر آئیں تو ہنستی ہوئی آئیں، کبھی روتی ہوئی گھر نہ آئیں، ہر خاتون کو اپنی شادی کو چلانے کی کوشش کرنی چاہیے، سسرال مشکل ہوتا ہے، لڑکی نئے گھر اور ماحول میں آتی ہے، وہ نئے لوگوں سے ملتی ہے جن کے مختلف مزاج ہوتے ہیں، اس لیے لڑکیوں کو اس حساب سے چلنا پڑتا ہے۔

انہوں نے ماؤں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں اگر وہ اپنی بیٹیوں کو یہ سبق دیں گی کہ وہ برداشت نہ کریں، وہ بھی سسرال میں ساس یا دیگر کو آگے سے جواب دیں تو معاملہ خراب ہوگا، لڑکیاں شادی کے بعد روزانہ اپنی والدہ کے گھر بھی نہ جائیں، البتہ شادی کے ابتدائی دنوں میں وہ زیادہ جا سکتی ہیں اور والدہ بھی ان کے پاس جا سکتی ہیں لیکن بعد میں یہ سلسلہ کم کردینا چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ شادی کے بعد جو لڑکیاں ماں کا پیچھا نہیں چھوڑتیں ان کے گھر برباد ہوجاتے ہیں۔

مزید خبریں :