Time 01 دسمبر ، 2024
پاکستان

دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانےکیلئے فوجی عدالتیں ضروری ہیں: صدرایکس سروس مین سوسائٹی

صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں، جو بھی 9 مئی کے حملوں میں ملوث ہے اسے کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہا کہ اگرکسی کے خلاف 9 مئی کے ثبوت نہیں ہیں تو اسے رہا ہونا چاہیے۔ آئین کی حدود و قیود ہوتی ہیں،قانون پرعلمداری سے قدر بڑھتی ہے، فارم 47 کی ہوا تو اس وقت چلی تھی جب آر ٹی ایس بیٹھا تھا، ڈسکہ میں کیا ہوا سسٹم کو کھنگال لیں، میرے پاس الیکشن کی شفافیت کا پیمانہ نہیں، الیکشن سے کوئی شکایت ہے تو اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرےگا۔

  صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کےلیے فوجی عدالتیں ضرور بننی چاہیے۔ کرم میں بےگناہ لوگوں کی جانیں ضائع ہونےکی مذمت کرتےہیں،کرم میں خونریزی گورننس کی ناکامی ہے اس پر خیبرپختونخوا حکومت فوری ایکشن لے، دشمن لسانیت اور صوبائیت کو ہوا دے رہا ہے، کنٹرول کرنا ہوگا۔

 لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ سیاسی افراتفری کے باعث کئی وردی والے اور سویلین جاں بحق ہوئے، قانون ہاتھ میں لے کرزبردستی اپنا ایجنڈا منوانا قبول نہیں، معاشی صورتحال تسلی بخش ہے، برقراررکھنےکے لیے امن ضروری ہے۔ ملک سے باہر بیٹھے ڈیجیٹل دہشت گردوں کو انٹرپول کے ذریعےواپس لانا ہوگا، دیکھا جائے ان ڈیجیٹل دہشت گردوں کے پیچھے کون سے  چہرے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے۔ فلسطینیوں اور کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کرتے ہیں، انہیں انصاف دیا جائے۔بھارت کی کشمیر اور اسرائیل کی فلسطین اورلبنان میں بربریت ڈھکی چھپی نہیں، مگر مچھ کے آنسو  بہانے والی مہذب دنیا کہاں ہے؟

  صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہا کہ ہم کے پی میں گونر راج کا مشورہ نہیں دیتے، وہاں کی حکومت کوگورننس پر دھیان دینا چاہیے، ہمارا فورم غیرسیاسی ہے، کسی جماعت پر پابندی لگانا نہ لگانا حکومت کا کام ہے، سیاسی جماعتوں پرپابندی نہیں لگنی چاہیے لیکن انہیں پرامن ہونا چاہیے، گورنر راج آئین کا حصہ ہے لیکن ایسا عمل نہ کیا جائے کہ اس کی نوبت آئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آپس میں لڑکر اپنی جانیں کیوں ضائع کر رہے ہیں، دہشت گردوں اور خوارج کی ان شاءاللہ کمر ٹوٹے گی، ساری سیاسی جماعتوں کو اور عوام کو جوڑنے کی کوشش کریں گے۔

مزید خبریں :