فیکٹ چیک: کیا بھارتی اداکار ہریتک روشن نے عمران خان کی حمایت میں ویڈیو ریکارڈ کی؟

اصل ویڈیو میں بھارتی اداکار کو اپنے ایک مداح کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

20 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جانے والی ایک TikTok ویڈیو کو اس دعوے کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے کہ بالی ووڈ اداکار ہریتک روشن پاکستان کے جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ دعویٰ غلط ہے اور ویڈیو کو ایڈٹ کیا گیا ہے۔

دعویٰ

13 ستمبر کو ایک ٹک ٹاک صارف نے 11 سیکنڈ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جو بھارتی اداکار ہریتک روشن کی جانب سے مبینہ طور پر عمران خان کے لیے ریکارڈ کی گئی تھی، ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ ہریتک روشن لوگوں سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ پاکستانی سیاستدان سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے ویڈیو پر کمنٹ کریں۔

ویڈیو کے آخر میں اداکار مبینہ طور پر کہتے ہیں:”Love you عمران خان، Love you پاکستان ۔“

اس نیوز آرٹیکل کےشائع ہونے تک اس ویڈیو کو 2 لاکھ 87 ہزار 800 مرتبہ لائک اور 6 ہزار 851 بار شیئر کیا جا چکا ہے۔

3 نومبر کو ایک اور سوشل میڈیا صارف نے یہی ویڈیو یوٹیوب پر بھی پوسٹ کی۔

حقیقت

وائرل ویڈیو میں ہریتک روشن کے الفاظ میں ردوبدل کر کے اس ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

جیو فیکٹ چیک کو ریورس امیج سرچ سے معلوم ہوا کہ اصل ویڈیو کم از کم تین سال پہلے، ممکنہ طور پر 2021 میں ریکارڈ کی گئی تھی، جس میں ہریتک روشن نے شیوم نامی اپنے ایک مداح کے لئے سالگرہ کا پیغام ریکارڈ کیا تھا۔

غیر ایڈٹ شدہ ویڈیو میں ہریتک روشن اصل میں کہتے ہیں: ”ہیلو، شیوم، میرے دوست! آپ کیسے ہیں؟ آپ کو گزری ہوئی سالگرہ کی بہت مبارکباد دیتا ہوں، یہ پیغام کائنات میں بھیج رہا ہوں تاکہ ساری مثبت توانائی آپ تک واپس آئے، صحت مند، خوش اور محفوظ رہیں۔“

یوٹیوب پر موجود اصل ویڈیو کو یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔