Time 04 دسمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

میں نے اہل خانہ کو نہیں چھوڑا، خون کے رشتے کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتے: فردوس جمال

میں نے اہل خانہ کو نہیں چھوڑا، خون کے رشتے کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتے: فردوس جمال
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں فردوس جمال بچوں اور اہلیہ سے علیحدگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر جذباتی ہوگئے/ فائل فوٹو

پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے ایک بار پھر اہلیہ سے طلاق کی خبروں کی تردید کردی۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں فردوس جمال بچوں اور اہلیہ سے علیحدگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر جذباتی ہوگئے۔

میزبان کی جانب سے اہل خانہ کو چھوڑ کر بھائی کے ساتھ رہنے کے سوال پر فردوس جمال نے بتایا کہ’میں نے اہل خانہ کو نہیں چھوڑا، خون کے رشتے کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتے جسے کوئی بھی آکر پھاڑ دے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میری اولاد اور میری اہلیہ  میرے وجود کا حصہ ہیں، بچوں سے کوئی ناراضی نہیں ہے، اگرچہ اہلیہ سے تھوڑا بہت شکوہ ہے لیکن اس کے باوجود میں ان سے الگ نہیں کیوں کہ انسان اپنوں سے الگ نہیں ہوسکتا‘۔

سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ ’میری اہلیہ نے میری بڑی خدمت کی، میرے بچوں کی بہترین تربیت کی، مجھے تاحال اہلیہ کے خلع لینے کا علم نہیں اور نہ ہی میں اہلیہ سے علیحدگی کے حق میں ہوں، اگر اہلیہ کو بھی مجھ سے خلع لینی ہوتی وہ کب کی لے چکی ہوتیں، 4 بچوں کی موجودگی میں طلاق جیسی چھچھوری حرکتیں کرنا اچھا نہیں لگتا ‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے ویڈیو بیان میں والدہ کے 35 سال بعد خلع لینے کی تصدیق کی تھی جس پر فردوس جمال کی جانب سے خلع کی تردید کی گئی تھی۔


مزید خبریں :