Time 04 دسمبر ، 2024
پاکستان

سندھ رینجرز کے زیر استعمال میٹھارام ہاسٹل کی حیثیت سے متعلق محکمہ اوقاف سے رپورٹ طلب

سندھ رینجرز کے زیر استعمال میٹھارام ہاسٹل کی حیثیت سے متعلق محکمہ اوقاف سے رپورٹ طلب
میٹھا رام نے تو تعلیمی مقصد کے لیے ہاسٹل بنوایا ہوگا، اب میٹھا رام کی روح بھی کیا سوچتی ہوگی؟ سندھ ہائیکورٹ/ فائل فوٹو

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ اوقاف سے رینجرز کے زیر استعمال میٹھارام ہاسٹل کی حیثیت سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور نے لاپتا شہری کامران کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں رینجرز  پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔ 

دوران سماعت  جسٹس صلاح الدین نے سوال کیا کہ رینجرز کے زیر حراست افراد کو کہاں رکھتے ہیں؟ اس پر رینجرز پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سندھ حکومت نے میٹھارام ہاسٹل کو سب جیل قرار دیا تھا، ملزمان کو وہیں رکھاجاتا ہے۔

جسٹس صلاح الدین نے کہا کہ میٹھا رام نے تو تعلیمی مقصد کے لیے ہاسٹل بنوایا ہوگا، اب میٹھا رام کی روح بھی کیا سوچتی ہوگی؟ تعلیمی مقاصد کے لیئے بننے والی عمارت کو اسی مقصد کے لیے استعمال ہونا چاہیے؟ اس پر رینجرز پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم نے عمارت کو بہت اچھی اور اصلی حالت میں رکھا ہوا ہے۔ 

عدالت نے کہا کہ اب یہ عمارت حکومت کو دیں گے تو وہ بیچ دیں گے اس پر رینجرز پراسیکیوٹر نے کہا کہ بیچ تو نہیں سکتے البتہ من پسند لوگوں کو دے دیں گے۔ 

بعد ازاں عدالت نے  محکمہ اوقاف سے رینجرز کے زیر استعمال میٹھارام ہاسٹل کی حیثیت سے متعلق رپورٹ طلب کر تے ہوئے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :