04 دسمبر ، 2024
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کی اہم میٹنگ کل دبئی میں ہونے جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق کل دبئی میں ہونے والی آئی سی سی کی میٹنگ کا بنیادی ایجنڈا جے شاہ کا بطور آئی سی سی چیئرمین استقبال ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میٹنگ میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی پر بھی گفتگو ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلئے براڈکاسٹرز اور پروڈکشن ورکشاپ بھی کل دبئی میں منعقد ہوگی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے کی گتھی تاحال سلجھ نہ سکی اور ڈیڈ لاک برقرار ہے جبکہ پاکستان نے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کو اپنا مؤقف کھل کربتا دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے دیرپا حل کیلئے پارٹنرشپ فارمولا پیش کرچکا ہے جس کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ایونٹ نہیں کھیلیں گے ۔
یہ فارمولا چیمپئنز ٹرافی سے لاگو ہوگا اور 3 برس تک رہے گا جس کے تحت بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا اور پاکستان بھی اگلے 3 سال تک اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی سےاس فارمولے پر تاحال کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری اور بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین شپ کا چارج سنبھالا تھا۔