Time 05 دسمبر ، 2024
پاکستان

شیخوپورہ: پی پی 139 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے میدان مار لیا

شیخوپورہ: پی پی 139 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے میدان مار لیا
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے رانا طاہر اقبال 44 ہزار 535 ووٹ لےکرکامیاب ہوگئے،فوٹو: فائل

شیخوپورہ میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 139 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا۔

پی پی 139 شیخوپورہ 4 کے تمام 124پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے رانا طاہر اقبال 44 ہزار 535 ووٹ لےکرکامیاب ہوگئے۔

تحریک انصاف کےحمایت یافتہ  امیدوار  اعجازحسین 20 ہزار 93 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر  رہے۔

یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی رانا افضال حسین کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔

پی پی 139 شیخوپورہ کے ضمنی الیکشن کے لیے حلقے میں 124 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ ضمنی الیکشن میں 8 امیدواروں نے حصہ لیا۔ پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے تھے۔

رواں سال کے دوران پی پی 139 میں یہ تیسرے الیکشن ہیں۔ 8 فروری کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے رانا تنویر حسین این اے 120 اور پی پی 139 سے کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے صوبائی اسمبلی کی سیٹ چھوڑ دی، ضمنی الیکشن میں ان کے بھائی مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین منتخب ہوئے۔

رانا افضال حسین کی وفات کے بعد حلقے میں تیسری مرتبہ الیکشن ہوا ہے، ضمنی الیکشن میں کامیابی پر لیگی کارکنوں نے مرکزی آفس کے باہر جشن منایا، کارکنوں نے آتشبازی کے ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے  مسلم لیگ ن کےامیدوار  رانا طاہرکو ضمنی الیکشن میں جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہےکہ  ن لیگی امیدوار کی واضح برتری عوام کےاعتماد کی عکاسی کرتی ہے، عوام نے انتشار کے بجائے ترقی وخوشحالی کے حق  میں فیصلہ سنایا۔

مزید خبریں :