06 دسمبر ، 2024
ماضی کی مقبول ترین بالی وڈ اداکارہ ممتا کلکرنی 25 برس بعد اپنے وطن بھارت پہنچیں جس کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کافی جذباتی دکھائی دے رہی تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممتا کلکرنی پر منشیات کیس کی ایف آئی آر درج تھی جسے ممبئی کی عدالت نے ناکافی ثبوت کی بنا کر بالآخر خارج کرکے اداکارہ کو کلین چٹ دے دی۔
ممتا کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیو میں بتایا گیا کہ 'میں 2000 میں اپنے ملک سے باہر گئی تھی، میں اس وقت بہت جذباتی ہوں اور مجھے نہیں معلوم کہ اس کا اظہار کیسے کروں، جب میرا جہاز بھارت کی حدود میں داخل ہوا تو میں دائیں اور بائیں دیکھ رہی تھی ، میں نے اپنے ملک کو 24 سال بعد دیکھا جس کے بعد میری آنکھیں بھر آئیں'۔
اداکارہ کی واپسی کی خبر پر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
نیوز 18 سے خصوصی گفتگو میں ممتا کلکرنی نے بتایا کہ 'میں 25 سال ہندوستان سے باہر رہی، اب کمبھ میلہ ہونے والا ہے اس لیے میں یہاں آئی ہوں لیکن فلم انڈسٹری میں واپسی میں دلچسپی نہیں ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں اپنی زندگی سے خوش ہوں، افواہیں ہیں کہ میں بگ باس کے لیے آئی ہوں لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، جب میں نے 2000 میں ہندوستان چھوڑا تو اس وقت میں فلم انڈسٹری کی ٹاپ ایکٹر تھی، مجھے 43 فلموں کی آفرز تھیں، میں نے یہ سب چھوڑ دیا اور اب میں فلموں میں واپس نہیں آنا چاہتی'۔
واضح رہے کہ اداکارہ ممتا کلکرنی نے 1990 کی دہائی کی مشہور فلموں ’کرن ارجن‘ اور ’بازی‘ میں زبردست اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔
ممتا کلکرنی نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان جیسے سپر اسٹارز کے ساتھ کام کیا، 2000 کی دہائی کی شروعات میں ممتا کلکرنی بالی وڈ کو خیرباد کہہ کر بیرون ملک منتقل ہو گئی تھیں۔
اس دوران ان پر منشیات کا ایک بڑا کیس بھی بنایا گیا تھا جس کی ایف آئی آر حال ہی میں ممبئی ہائی کورٹ نے منسوخ کرتے ہوئے انہیں کلین چٹ دی۔