Time 06 دسمبر ، 2024
کھیل

'لگتا ہے بل نہیں جمع کرایا'، بھارت آسٹریلیا ٹیسٹ میں 2 بار اسٹیڈیم کی لائٹس بند ہوگئیں

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان بارڈرگواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کے دوران 2 بار اسٹیڈیم کی لائٹس بند ہوگئیں۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا جارہا ہے۔اس ٹیسٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ڈے نائٹ ٹیسٹ ہے اور اس میں گلابی گیند کا استعمال ہورہا ہے۔

ٹیسٹ کے پہلے روز بھارتی ٹیم 180 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، جواب میں جب  آسٹریلوی اننگز شروع ہوئی تو 18 ویں اوور میں ایک بار نہیں بلکہ دو بار گراؤنڈ کی فلڈ لائٹس اچانک بند ہوگئیں، میدان میں اندھیرا ہوگیا اور کھیل کو روک دیا گیا۔

اس دوران کراؤڈ کی جانب سے موبائل فونز کی لائٹس آن کی گئیں۔

جیسے ہی اسٹیڈیم کی لائٹس بند ہوئیں تو کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ 'لگتا ہے کوئی سو گیا ہے'، جبکہ آسٹریلوی کمنٹیٹر ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ 'یوں لگتا ہے یہاں کسی نے اپنے بجلی کے بل ادا نہیں کیے'۔

تاہم تقریباً3 منٹ کے بعد لائٹس آن ہوگئیں اور کھیل دوبارہ شروع ہوا۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ گراؤنڈ کی انتظامیہ لائٹس بند ہونے کی وجہ کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ جیسے ہی کوئی معلومات ملیں گی ہم اپ ڈیٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت کو 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں :