Time 07 دسمبر ، 2024
دنیا

شامی صدارتی محل نے صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنےکی اطلاعات کی تردیدکردی

شامی صدارتی محل نے صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنےکی اطلاعات کی تردیدکردی
صدر دمشق میں ہی ہیں اور اپنی ذمہ داریاں سرگرمی سے نبھانے میں مصروف ہیں،صدارتی محل،  فوٹو: فائل

دمشق: شامی صدارتی محل نے صدر  بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات کی تردید کردی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق  شامی صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات کے چند گھنٹے بعد شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے شامی صدارتی محل کا بیان جاری کیا جس میں ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئےکہا  گیا ہےکہ  صدر  دمشق میں ہی ہیں اور  اپنی ذمہ داریاں سرگرمی سے نبھانے میں مصروف ہیں۔

خیال رہےکہ شام میں باغی  حمص میں داخل ہوگئے ہیں اور  باغیوں کی دمشق کی طرف پیش قدمی جاری ہے، باغیوں نے دمشق کے جنوبی ٹاؤن صنمین پر قبضےکا دعوٰی بھی کیا ہے۔

ایسے میں اطلاعات سامنے آئیں کہ بشارالاسد اپنے خاندان کے ساتھ ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق شامی اپوزیشن باغیوں کے ایک کمانڈر حسن عبدالغنی نے  بتایا ہے کہ ہماری افواج نے دارالحکومت دمشق کو گھیرے  میں لینےکا  آخری  مرحلہ  شروع کر دیا  ہے۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہےکہ  شام میں موجود ایران کی پاسدارن انقلاب کے اعلیٰ فوجی عہدیدار شام سے نکل چکے ہیں۔

 امریکی میڈیا کے مطابق  تمام ایرانی فوجی عہدیدار خصوصی پرواز کے ذریعے دمشق سے تہران روانہ ہوگئے ہیں۔

ادھر  شامی آرمی چیف جنرل عبدالکریم محمدابراہیم  نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ  شامی عوام باغیوں کی من گھڑت افواہوں پرکان نہ دھریں، شامی فوج بغاوت پر قابو پانے کے لیےکوششیں جاری رکھی ہوئی ہے۔

شامی آرمی چیف کے مطابق فوج نے باغیوں پر شدید حملے کرکے بڑی تعداد میں دہشت گردوں کا صفایا کیا ہے، باغیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دیہی علاقوں میں فوج کے دستے موجود ہیں، عوام کے تعاون سے جلد بغاوت پر قابو  پالیا جائےگا۔

مزید خبریں :