Time 08 دسمبر ، 2024
بلاگ

آئی ایم ایف کا قرض سندھ کیسے اُتارےگا؟

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی سے تھر تک سندھ میں آئی ٹی کا جال بچھائیں گے اور سندھ اپنی سنہری تاریخ کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے حوالے سے بھی شناخت قائم کرےگا۔

کامران خان ٹیسوری نے یہ بات گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد سندھ ثقافت ڈے کی مناسبت سے ہونے والی تقریب سے خطاب میں کہی۔

تقریب میں ایران،روس، چین، جاپان، عمان، مراکش، یمن، بحرین،افغانستان اور بنگلادیش کے قونصل جنرلز اور متحدہ عرب امارات کے نائب قونصل جنرل بھی موجود تھے جنہیں گورنر سندھ نے سندھی ٹوپی اور اجرک تحفے میں پیش کی۔

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، نامور اداکار مصطفیٰ قریشی، سلیم احمد چانڈیو ،بزنس کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات اورمفتی نعمان نعیم بھی تقریب کا حصہ تھے جب کہ دو ہزار کے قریب خواتین،مرد، بچے اور بزرگ بھی یہاں موجود تھے۔

سندھی ٹوپی اور اجرک کی شان بڑھانے کے لیے منعقد یہ تقریب تلاوت کلام پاک سے شروع ہوئی، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہدیہ پیش کیا گیا اور پھر سندھ کی مایہ نازگلوکارہ عابدہ پروین کا صوفیانہ کلام سماعتوں کی نذر ہوا۔

سندھی ثقافت کی عکاسی کرتے کپڑوں میں ملبوس بچوں اور بچیوں نے لوک گیتوں پر دلکش رقص بھی پیش کیا جسے شرکا نے خوب سراہا۔

ملک کے مایہ ناز گلوکار ارشد محمود نے اپنی مدھر آواز میں کئی سندھی گیت پیش کرکے حاضرین کے دل موہ لیے جب کہ شاہینہ علی کے گیت پر ساتھی فنکاروں کا سندھی رقص دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ امجد رانا کی پرفارمنس نے یہ شام کمال پر پہنچا دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ انہوں نے گورنر ہاؤس کو عوام کی خدمت کا مرکز بنانے کی کوشش کی ہے، اس کےدروازے عوام کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے کی شناخت میں اب آئی ٹی بھی شامل ہوگی۔ حیدرآباد میں جن بچوں نے ٹیسٹ دیے ہیں ان کی کلاسز کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ اور اسکے بعد سکھر ، نوابشاہ ، لاڑکانہ اور تھر میں بھی آئی ٹی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ وہ وقت دور نہیں کہ یہی آئی ٹی کورسز کرنیوالے طلبہ آئی ایم ایف کا قرض اپنی محنت سے اتاریں گے۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے گورنر ہاؤس کراچی میں یہ سندھی ثقافت کا تیسرا جشن ہے۔ شاہ لطیف کی اس دھرتی میں انہوں نے تمام مذاہب، مسالک اور قومیتوں کو ساتھ بٹھایا ہے تاکہ امن کا پیغام عام ہو۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہ نما فاروق ستار نے کہا کہ سندھ نے پاکستان کے قیام کی قرارداد سب سے پہلے منظور کی، بھارت سے آنیوالوں کو اپنی دھرتی پر جگہ دی اور اس خوش اسلوبی کا مظاہرہ کیا جو انصار نے مہاجرین کیلیے کیا تھا۔

فاروق ستار نے کہا کہ مختلف بنیادوں پر لوگوں کو لڑانے کی سازش کرنیوالوں کو اتحاد کے ذریعے ناکام بنا دیا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر سندھ کی نامور شخصیات کو اعزازات اور تحائف سے نوازا گیا جن میں ملک کے مایہ ناز اداکار مصطفیٰ قریشی بھی شامل تھے۔

مصطفیٰ قریشی نے اس موقع پرمختصر خطاب میں کہا کہ سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں یہاں کے سیکڑوں سینما گھر بھی پیش پیش تھے مگر اب ان میں سے زیادہ تر کو بند کیا جا چکا ہے۔ اس اقدام نے فلمی صنعت سے وابستہ ہزاروں گھرانوں کو متاثر کیا ہے۔

مصطفیٰ قریشی نے گورنر سندھ سے درخواست کی کہ وہ اس صنعت کی بحالی کے لیے سندھ کی سطح پر ٹھوس اقدام کریں۔گورنر سندھ کے فلاحی اور دیگر کاموں کو سراہتے ہوئے مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ وہ کامران خان ٹیسوری سے اس قدر واقف ہیں کہ اپنا مشہور ڈائیلاگ گورنر سندھ کے لیے نہیں دہرا سکتے کہ نواں آیاں اے سونیا!!!


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔